گھانا میں جنازے پر”رونے والے”کرایے پر دستیاب

انسان ساری زندگی شہرت اور مقبولیت کا متمنی رہتا ہے لیکن بعض لوگ تو مرنے کے بعد بھی دھوم مچانا چاہتے ہیں اور ایسے ہی لوگوں کیلئےافریقی ملک گھانا میں ایک کمپنی نے جناز ے کے موقع پر کرائے کے ماتمی دینے کا کاروبار شروع کردیا ہے۔
گھانا میں ’جنازوں پر رونے والی ایسوسی ایشن‘ میںانتہائی ذہین رونے والے افراد بھرتی کیے گئے ہیں جو ایسے ٹسوے بہاتے ہیں کہ غمزدہ خاندان ان پر پیسے نچھاور کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ بلکہ بسا اوقات تو ایسا بھی ہوتا ہے کہ صحت مند لوگ بھی وصیت کرجاتے ہیں کہ ان کے مرنے پر رونے والوں کا یہی گروپ بلایا جائے۔
جنازوں پر زیادہ سے زیادہ رونے والے بلوائے جاتے ہیں اور دیگر رسومات بھی ادا کی جاتی ہیں۔ اسی لیے افریقا کے کئی ممالک پر جنازوں پر بہت رقم خرچ ہوتی ہے جو 15 سے 20 لاکھ روپے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔ علاوہ ازیں جنازے اور تدفین کی مشہوری کےلیے اشتہارات دیئے جاتے ہیں اور بڑے بڑے بورڈ لگائے جاتے ہیں۔ مرنے والے کےلیے مہنگے اور انوکھے تابوت بھی بنائے جاتے ہیں۔
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ رونے کے مختلف انداز کی فیس بھی مختلف ہوتی ہے۔ کچھ لوگ صرف آنسو بہاتے اور سسکیاں بھرتے ہیں، کچھ لوگ روتے ہوئے چیختے اور چلاتے ہیں جس کے زیادہ پیسے ہوتے ہیں۔ جبکہ تیسرا گروپ تو روتے روتے گرجاتا ہے اور زمین پر لوٹ پوٹ ہونے لگتا ہے۔ کچھ ماہر رونے والے روتے وقت الٹیاں کرنے کی اداکاری بھی کرتے ہیں۔
گھانا کی ایک خاتون ایمی ڈوکلی کہتی ہیں کہ بہت سے لوگ اپنے عزیزوں اور پیاروں پر کوشش کے باوجود آنسو نہیں بہاسکتے اسی لیے وہ ہم پر انحصار کرتے ہیں۔ ڈوکلی خود بھی بیوہ ہیں اور انہوں نے رونے کےلیے بیواؤں کا ایک گروپ بنارکھا ہے۔ لیکن ہر جگہ رونا آسان بھی نہیں ہے اور اسی لیے وہ آنسو بہانے کا معاوضہ لیتی ہیں، اگر جنازہ بڑا ہوتو وہاں رونے کے پیسے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔