پاکستان میں جمعہ کا دن تاریخی فیصلوں کا دن بن گیا۔ گزشتہ 10 برس کے دوران بڑی عدالتوں کی جانب سے دیئے گئے کئی فیصلے تاریخی اہمیت کے حامل ہیں اور یہ بھی حسن اتفاق ہے کہ ان میں سے اکثر فیصلے جمعے کو دیئے گئے ہیں۔
آج جمعہ کو شریف خاندان کیخلاف ایوان فیلڈ ریفرنس کا بھی فیصلہ سنایا گیا۔
اس سے پہلے سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاناما اسیکنڈل میں نااہل قراردیا تھا ،نوازشریف کی نااہلی کافیصلہ 28 جولائی 2017 کوبروزجمعہ سنایا گیا تھا۔
13اپریل2018 کوآرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو تاحیات نااہل قراردیا گیا تھا اوروہ بھی جمعہ کا دن تھا ۔
ماضی میں انیس اکتوبر2012 میں اصغرخان کیس کا فیصلہ بھی جمعہ کوآیا تھا جس میں نوازشریف سمیت دیگرفریقین کےخلاف تحقیقات کاحکم دیا گیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید عباسی نے جہانگیر ترین اور عمران خان کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 15 دسمبر 2017 کو بروز جمعہ عمران خان کو اہل جب کہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا تھا۔
اس کے علاوہ جمعہ کے روز کئے گئے عدالتی فیصلے صرف نواز شریف کے خلاف ہی نہیں آئے بلکہ جسٹس افتخار چوہدری کی بحالی اور پی سی او کو غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ بھی جمعہ کے دن ہی سنایا گیا تھا۔