نادیدہ قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی سزا بہت چھوٹی ہے،مریم نواز

لندن : مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ایوان فیلڈ ریفرنس پراحتساب عدالت کے فیصلے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا ہےکہ نادیدہ قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی سزا بہت چھوٹی ہے، آج ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ اور بلند ہوا ہے۔

مریم نواز نے نواز شریف کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ شاباش نواز شریف آپ ڈرے نہیں آپ جھکے نہیں،آپ نے ذاتی زندگی پرپاکستان کو ترجیح دی۔

مریم نواز نےمزید لکھا کہ نوازشریف عوام آپ کے ساتھ ہے اورآپ کی ہی فتح ہوگی۔

اس سے پہلے مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پرپیغام میں پارٹی کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے شیرو! فیصلہ جو بھی آئے گھبرانا نہیں۔ آپکے نواز شریف کے لیے یہ سب نیا نہیں۔وہ پہلےبھی نااہلی عمر قیدجیل جلاوطنی بھگت چکے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ کوئی لیڈر ہے جو آپ کی خاطر، وطن عزیز کی خاطر، آپ کے ووٹ کی عزت کی خاطر ڈٹ کر کھڑا ہے اور کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔
مریم نواز نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں کہا تھا کہ فیصلہ تو 25 جولائی کو ہونا ہے، ان سازشیوں اور مہروں کے چہرے اس دن یاد رکھنا، ابھی نہیں تو کبھی نہیں، انشاءالّلہ فتح آپ کی منتظر ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیرسماعت رہنے والے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز بھی نامزد تھیں جس کا فیصلہ آج سنا دیا گیا ہے۔