کراچی : ایف آئی اے نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اورمنی لانڈرنگ کیس میں ملوث حسین لوائی کو حراست میں لے لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حسین لوائی پر 35ارب روپے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی نے3 بینکوں کے 29 جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی
مذکورہ 29 اکاؤنٹس سے رقم کا لین دین اومنی گروپ کے ملازمین کرتے تھے، اومنی گروپ کے مالک انورمجید ہیں جو بیرون ملک فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے ہیں ۔
انورمجید ، حسین لوائی اوراومنی گروپ کے دیگر ملازمین کے خلاف ایف آئی آر کا مسودہ تیارکرلیا گیا اورمنی لانڈرنگ الزامات کے تحت ان سب کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔
اس سے پہلے اطلاع تھی کہ ایف آئی اے نے حسین لوائی سے منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کی ہے۔
اس سے پہلے ڈائریکٹرایف آئی اے سندھ منیر شیخ نے بتایا تھا کہ حسین لوائی کو گرفتار نہیں کیا گیا،انہیں ایف آئی اے سندھ نے بیان ریکارڈ کرانے کے لئے دفترطلب کیا گیا تھا اوراسٹیٹ بینک سرکل میں ان کا بیان لیا گیا ہے۔