کراچی :سینئر قانون دان بیرسٹر فروغ نسیم نے کہاکہ قانون اور عدالتوں کا طریقہ کار ایک ہی ہے، کہیں ایسی کوئی شق نہیں کہ اگر الیکشن قریب ہوں تو کسی کیس کا فیصلہ نہ سنایا جائے جبکہ اس بات کا فیصلہ عدالت کرتی ہے کہ کن حالات میں فیصلہ ملتوی کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ درست ہے اور اس فیصلے میں تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سزا سنائی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ تاثر قائم ہونا ضروری تھا کہ پاکستان کوئی بنانا ری پبلک نہیں کہ جو جتنی چاہے کرپشن کرے اور بھاگ جائے،عدالتیں اور قانون اس کا کچھ بگاڑ نہ سکیں۔بیرون ملک اثاثوں کی ضبطگی سے متعلق فروغ نسیم نے کہا کہ پاکستان کے نیب آرڈیننس کے تحت اثاثے تو ضبط ہوگئے لیکن نیب آرڈیننس لندن میں نافذ العمل نہیں ہے، ’وائٹ بک‘ کے تحت حکومت پاکستان کو یوکے میں قانونی چارہ جوئی کرنی پڑے گی۔ لندن کے مجسٹریٹ کے پاس اختیار ہے کہ اگر کسی نے دنیا میں کہیں بھی جرم کیا ہو تو مجسٹریٹ سزا سنا سکتا ہے اور مجرم کو کسی اور ملک کے حوالے کرنے کا حکم بھی دے سکتا ہے۔