ملک کے مختلف شہروں میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے سڑکوں پرجشن منایا اورایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ پارٹی کے مرکزی دفتر میں جشن کا سماں رہا اورمٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
مریم نواز کے خلاف فیصلہ آنے پراین اے 127 میں پی ٹی آئی کے امیدوارجمشید چیمہ کے حامیوں نے جشن منایا۔
اسلام آباد کے کلمہ چوک پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پررقص کیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی دفتر میں بھی کارکنان نے جشن منایا۔ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پنجاب میں سکیورٹی سخت کردی گئی، اس کے علاوہ اہم اورحساس عمارتوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
دوسری جانب ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آنے پرمسلم لیگ (ن) کے کارکن سراپا احتجاج بن گئے۔ لیگی کارکن قائدین کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے۔
سخت ترین سیکیورٹی کے باوجود اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر لیگی کارکنوں نے احتجاج کیا، کچھ کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے کپڑے پھاڑلئے۔ اس موقع پرن لیگ کی خواتین کارکنان رہنماؤں کو سزا ملنے پرآبدیدہ ہوگئیں۔
لاہورمیں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان و حامیوں نے ماڈل ٹاؤن میں نوازشریف کے حق میں نعرے لگائے۔
ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان و حامیوں نے احتجاج کے دوران ٹائرنذرآتش کئے۔
پشاورمیں بھی مسلم لیگ (ن) کے کارکن سڑکوں پرنکل آئے۔ مظاہرین نے عدالتی فیصلے کے خلاف نعرہ بازی کی اورعدالتی فیصلہ نامنظور کے نعرے لگائے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کے جھنڈے بھی جلادیئے۔
احتساب عدالت کا فیصلہ سننے کے بعد لندن میں بھی نوازشریف کی رہائش گاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے سامنے لیگی کارکن جمع ہوگئے اور سابق وزیراعظم کے حق میں نعرے لگائے۔
لندن میں پی ٹی آئی اورن لیگ کارکن ایوان فیلڈ اپارٹمنٹ پرآمنے سامنے آگئے، اس موقع پرتحریک انصاف کے کارکنوں نے ایوان فیلڈ اپارٹمنٹ کے سامنے مٹھائی تقسیم کی اور نعرے لگائے۔
یہ منظر دیکھ کرن لیگ کے کارکن غصے میں آگئے، کارکنان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈرکو چورمت کہو، زبان کھینچ لیں گے، انہوں پی ٹی آئی کارکنوں کو دھکے دیئے، تھپڑمارے، گالیاں اور دھمکیاں دیں۔
ن لیگ اورپی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑے کے وقت نوازشریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں ہی موجود تھے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنان میں تلخ کلامی اورجھگڑوں کے واقعات ہوئے ہیں، لاہور پریس کلب کے سامنے مسلم لیگ نون کے کارکنان فیصلہ نامنظور کے نعرے لگائے۔