نواز شریف اور اس کے خاندان کو بہت ہی منصفانہ سزا دی گئی ہے۔عائشہ گلالئی

تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور اس کے خاندان کو بہت ہی منصفانہ سزا دی گئی ہے۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا ملنے کے فیصلے پر عائشہ گلالئی نے اپنا رد عمل ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور اس کے خاندان کو انتہائی منصفانہ سزا دے کر آخر کار پاکستانی قوم کی تکلیفوں کا مداوا کیا گیا کیونکہ پاکستان کی موت کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں۔ پاکستانی قوم کی تکلیفوں اور مصیبتوں کے ذمہ داروں کو سزا دی گئی جس پر وہ نیب کورٹ اور سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے ساتھ ہونے والے تمام ظلم کا حساب کسی حد تک ہوگیا ہے، باقی جواب یہ قوم 25 جولائی کو دے گی اور اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کا حساب لے گی ۔ ’ایسے لوگوں کو کبھی بھی ووٹ نہ دیں کیونکہ اگر اس کے بعد پھر ظلم ہوا تو اس کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے‘۔