اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ بارش کا پہلا قطرہ ہے، ابھی تو ان پر اولے بھی برسیں گے اور موسلا دھار بارش بھی ہوگی، انہوں نے کہاکہ ہم ایسا ہی انصاف اور ٹرائل شہداء ماڈل ٹاؤن کے لیے بھی چاہتے ہیں کیونکہ پیسے کی چوری، انسانی خون بہائے جانے سے چھوٹا جرم ہے۔
تفصیلات کےمطابق پی اے ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ قانون کی بالادستی اور سیاسی مافیا کی شکست ہے، شاندار اور جرأت مندانہ کارکردگی کے مظاہرے پر نیب پروسیکیوٹرز بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہاکہ احتساب عدالت کا فیصلہ کرپشن کے خاتمے کی طرف ایک بڑی پیش رفت ہےاور کرپشن کی وبا ختم کرنے کے لیے احتساب کا دائرہ ہر لٹیرے تک بڑھایا جائےکیوں کہ جب تک یہ نظام رہے گا تو سیاسی فائدے کے لیے کرپشن، قتل و غارت گری، جھوٹ ،سازش کی وبا بھی رہے گی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہاکہ معصوم کا خون بہانے والے کو اللہ کی عدالت سے بھی معافی نہیں ملے گی لہٰذا انصاف کے ادارے انسانی خون کی حرمت کو یقینی بنانے اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کی تمام تنظیمات کو ہدایت کی کہ احتساب عدالت کے شاندار فیصلے پر اظہار تشکر کیا جائے اور اس پر تہنیتی قراردادیں منظور کی جائیں۔