دنیا کے سب سے بڑے کمرشل جہاز کی پاکستان میں لینڈنگ

 

اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دنیا کا سب سے بڑا کمرشل سفری جہاز اے-380 مجموعی طور پر 800 مسافروں کو لے کر 8 جولائی کو دبئی سے نیو اسلام آباد ائرپورٹ پہنچے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیواسلام آباد ائرپورٹ میں اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور تمام اسٹاف کو اس روز اپنی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نجی ائیرلائن کا اے-380 جہاز 8 جولائی کو اسلام آباد ائرپورٹ پر دن 12 بج کر 10 پر اترے گا۔

اس سے قبل پاکستان کے 42 ہوائی اڈوں میں اس طرح کے بڑے جہاز کے لینڈ کرنے کی سہولت میسر نہیں تھی۔
سول ایوی ایشن حکام کا کہنا تھا کہ اے-380 جہاز کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنا ملکی تاریخ میں ایک بڑا سنگ میل ہے کیونکہ ہم ترقی یافتہ ممالک کے ہوائی اڈوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔دوسری جانب یہ قدم سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے فراہم کردہ خدمات کے لیے امتحان بھی ہے جبکہ پاکستان کے لیے قابل فخر بھی ہے، اس جہاز میں مسافروں کو جدید ترین سفری سہولیات میسر ہیں جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں۔