بنوں دھماکے کی ایف آئی آر پی ٹی آئی امیدوار کیخلاف درج

 

بنوں: بنوں میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ملک شیریں مالک نے بم حملہ کی ایف آئی آر مخالف امیدوار ملک شاہ محمد خان اور ان کے بڑے بھائی ملک گل باز خان کے خلاف درج کرادی ہے۔ہفتہ کو ہونے والے ریموٹ کنٹرولڈ بم حملہ کے مقدمہ میں دہشت گردی سمیت کئی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ملک شاہ محمد خان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور وہ صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں ان کے بڑے بھائی ملک گل باز خان ضلعی ممبر ہیں۔شام 6 بجے کے قریب تھانہ بکاخیل کی حدود میں ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ ہوا تھا جس میں ایک ایف سی اہلکار اور مجلس عمل کے امیدوار سمیت 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔ملک شیرین مالک پی کے 89 سے ایم ایم اے کے امیدوار ہیں، ریموٹ کنٹرول بم حملہ میں انہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک انتخابی پروگرام میں شرکت کے لیے علاقہ میں موجود تھے۔