سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کا شیڈول جاری

لندن: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنا اور والد نواز شریف کی وطن واپسی کا شیڈول جاری کردیا۔
انہوں نے کہاکہ 12 جولائی جمعرات کو لندن سے ابوظہبی پہنچیں گے بعد ازاں 13 جولائی کو ابوظہبی سے لاہور ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گے۔
مریم نواز کے مطابق ان کی فلائٹ شام ساڑھے چھ بجے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر سے اپنے کارکنوں کو اپنے قائد کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے ایک سال قید کی سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے راولپنڈی سے گرفتار کرلیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب عالم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان بٹ پر مشتمل نیب کی دو رکنی ٹیم نے کیپٹن (ر) صفدر کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

نیب کی ٹیم نے گرفتاری کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو نیب کے اسلام آباد کے دفتر پہنچادیا ہے، گرفتاری کے موقع پر روالپنڈی میں ریلی کے شرکاء کی جاب سے مزاحمت بھی کی گئی۔