اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اور صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی پر انہیں ایئر پورٹ سے گرفتار کرنے پر حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہفتے جمعہ کے دن احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔ عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بالترتیب 10 سال، 7 سال اور 1 سال کی سزا سنائی ہے۔
گزشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر نے نیب کو اپنی گرفتار دے دی۔ تاہم نواز شریف اور مریم نواز برطانیہ میں ہونے کی وجہ سے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز مریم نواز نے اپنی اور نواز شریف کی وطن کا واپسی کا شیڈول جاری کیا جس کے مطابق دونوں ملزمان جمعہ کی شام کو وطن پہنچ جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کے طیارے کو لاہور کے بجائے کسی اور شہر یا راولپنڈی میں بھی اتارا جا سکتا ہے۔ سیکورٹی حکام کو نواز شریف اور مریم نواز کی لندن سے ملک واپسی اور ایئر پورٹ پر نیب حکام کی جانب سے گرفتاری کے حوالے سے نقص امن کا خدشہ بھی ہے۔ اس لئے امن کی فضا کو قائم رکھنے کے لئے مختلف آپشنز کو زیر غور کیا جا رہا ہے۔ نیب نے احتساب عدالت سے وارنٹ حاصل کرنے کے بعد ایئرپورٹ پر ہی دونوں مجرموں کی گرفتاری کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔