جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان نے انتخابات میں قادیانیوں سے تعاون کے بدلے ختم نبوت قانون میں تبدیلی کا وعدہ کیا تھا۔
لکی مروت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلسِ عمل کے مرکزی صدرمولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قادیانیوں کے سربراہ کے پاس گئے اور اس سے انتخابات میں تعاون مانگا اور اس کے بدلے قادیانیوں کے خلاف موجود قانون کو تبدیل کرنے کا وعدہ کیا، ختم نبوت کے قانون میں ترمیم اسی وعدے کی کڑی تھی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حلف نامے میں ختم نبوت کی ترمیم پر راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن قائم ہوا، جس نے پوری تحقیق کی اور عدالت کے حکم پر رپورٹ شائع بھی کردی اور پھر رپورٹ کے مطابق عمران خان اور شفقت محمود ہی چور نکلے، اب بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے اورعمران خان کی چوری بھی پکڑی گئی ہے، سوال یہ ہے کہ جو قوتیں کل نوازشریف کے خلاف دھرنا دے رہی تھیں وہ اب خاموش کیوں ہیں۔