پاکستان میں تین مرتبہ وازارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہنے والے سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی عمر رسیدہ والدہ شمیم اختر نے لاہور ایئرپورٹ پر اپنے بیٹے کا استقبال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کا کہنا ہے کہ خود اپنے بیٹے کا استقبال کرنے لاہور ایئرپورٹ جاؤں گی اور نوازشریف کو گرفتار نہیں ہونے دوں گی تاہم اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو میں بھی ان کے ساتھ جیل جاؤں گی۔
احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو مجرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ ، مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے والد نواز شریف 12 جولائی جمعرات کو لندن سے ابوظہبی پہنچیں گے بعد ازاں 13 جولائی کو ابوظہبی سے لاہور ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گے۔