اسلام آباد:چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہاکہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان 90ارب ڈالرکامقروض ہوگیا ہے،ہرپاکستانی ایک لاکھ 70ہزارروپے کامقروض ہےکرپشن کاخاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب آفس بلوچستان کا دورہ کیا ، اس موقع پرانہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کاخاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں سمیت ہرشخص کی عزت نفس کا احساس ہے ہرکارروائی قانون اورآئین کے مطابق کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان 90 ارب ڈالرکامقروض ہوگیا ہے، ہر پاکستانی ایک لاکھ 70 ہزارروپے کا مقروض ہے، ہماری 5 نسلوں کواس قرض کے وبال کوبھگتنا ہے۔
جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میں نے میرٹ پر سمجھوتہ کیا ہے اورنہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمے کا فریضہ قومی ذمہ داری اور اعزاز سمجھ کر ادا کررہا ہے۔ بدعنوانی کے اندھیرے دور کرنے کیلئے سب کو اپنےحصے کا چراغ روشن کرنا ہوگا۔ بدعنوانی کا مرتکب شخص ملک وقوم کا مجرم ہے، ہر کرپٹ شخص کو اس کے برے فعل وعمل کا جوابدہ بنایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کرپشن کے کئی بند کیسزمیں قانونی شواہد موجود ہیں جن کو میرٹ اورقانون کے مطابق دوبارہ کھولا جائے گا۔