نگران وزیر اعظم سمیت سیاسی شخصیات کی پشاور دھماکے کی مذمت

 

پشاور:نگران وزیراعظم ناصرالملک اور متعدد سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اے این پی کی کارنر میٹنگ میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر دہشتگردی سے پاکستان اور جمہوریت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن کو دہشتگردی سے محفوظ کرنا سب کی ذمہ داری ہے، پیپلزپارٹی دہشتگردی کے شکار ہر پاکستانی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے دشمن دہشتگردی کے ذریعے ملک اور جمہوریت پر حملہ آور ہیں۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نہتے لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان نے ہارون بلور کی شہادت پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں بلور فیملی کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ آبدیدہ تھے اور رندھی ہوئی آواز میں کہنے لگے کہ میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہارون بلور سے قبل ان کے والد بشیر بلور کو بھی شہید کیا گیا تھا۔