پشاور: پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں پی کے 78 سے اے این پی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں سے 15کی حالت تشویش ناک بتائی گئی، جنہیں لیڈی ریڈنگ اور خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ رات 11 بجے کے قریب پیش ہوا جب ہارون بلور کارنر میٹنگ میں داخل ہوئے اور اسٹیج کی طرف جارہے تھے۔
سی سی پی او پشاور قاضی جمیل نے بتایا کہ دھماکے میں 8 کلو ٹی این ٹی کا استعمال کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق خود کش حملہ آور کارنر میٹنگ میں پہلے سے موجود تھا اور اس نے دھماکا اس وقت کیا جب ہارون بلور کی آمد پر آتش بازی کی جا رہی تھی۔
اے آئی جی بم ڈسپوزل شفقت ملک نے خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس میں اچھے معیار کا دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال ذوالفقار علی بابا خیل نے بتایا کہ ہارون بلور کے بیٹے دانیال بلور محفوظ ہیں۔
واضح رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی 22 دسمبر 2012 کو ایک خودکش حملے کے دوران شہید ہوگئے تھے۔