لاہور: ہائی کورٹ میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سنایا جانے والے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بالترتیب 10، 7 اور 1 سال کی سزا سنائی۔
احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی طرف سے قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے 1999 میں نیب آرڈینینس جاری کیا تاہم بعد میں پارلیمنٹ نے اسے آئینی تحفظ نہیں دیا اس لیے نیب کا قانون آٹھارویں ترمیم کے بعد ختم ہو چکا ہے۔ اس کے باوجود ملک کے تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کو اس قانون کے تحت سزا دی گئی جو کہ ختم ہو چکا ہے۔ اس لئے نیب کے آرڈر کو کالعدم قرار دیا جائے۔