بورے والا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نہ ہوتی تو ان ہی دونوں جماعتوں کی باریاں چلتی رہتیں، عوام کے پاس ن لیگ اورپیپلز پارٹی کےعلاوہ کوئی چوائس نہیں تھی۔
بورے والا میں جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ دو ہفتے رہ گئے ہیں، معلوم نہیں اللہ کو کیا منظور ہے، میرا دل کہہ رہا ہے تبدیلی کا انقلاب آنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نہ ہوتی تو ان ہی دونوں جماعتوں کی باریاں چلتی رہتیں، عوام کے پاس ن لیگ اورپیپلز پارٹی کےعلاوہ کوئی چوائس نہیں تھی۔
عمران خان نے کہا کہ اب ان کے بچے باری لینے کے لئے تیار ہوگئے ہیں، بے بی بلاول نے زندگی میں نوکری نہیں کی، ایک گھنٹہ کام نہیں کیا اور ملک سنبھالنے آگیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہے لندن تو کیا پاکستان میں بھی پراپرٹی نہیں جبکہ بھائی کہتا تھا ساری پراپرٹی ہماری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سزا پر شہباز اور حمزہ خوشی میں لڈو بانٹ رہے ہیں اور ہاتھ اٹھا کر مجھے دعا دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ قوم کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، پہلے والدین لوٹتے ہیں پھر بچے تیار ہوجاتے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں تحریک انصاف کے انصاف مسیحی برادری کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ غریبوں کو بنیادی حقوق دینا ریاست کی ذمے داری ہے لیکن پاکستان میں کسی کمزور طبقے کو حقوق نہیں ملتے اور مہذب معاشرے میں بے روزگاروں کو فنڈز دیے جاتے ہیں،بے روزگا ر کو روزگار ملنے تک فنڈ حکومت دیتی ہے اور جتنا مہذب معاشرہ ہوتا ہے اتنے ہی عوام محفوظ ہوتے ہیں۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ یہاں کمزور کے لیے کچھ اور طاقتور کے لیے قانون اور ہے، ریمنڈڈیوس نے دن دیہاڑے دوقتل کردیے،لیکن ہمارا قانون اسے پکڑ نہیں سکتاجبکہ قائداعظم کا پاکستان اسلامی فلاحی ریاست تھا اور مدینہ کی فلاحی ریاست میں اقلیتوں کو بھی حقوق حاصل تھے اورزبردستی کسی کو مسلمان کرنا درست نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ مغرب میں منی لانڈرنگ کرنے والا لوگوں میں جانےکی جرأت نہیں کرتا لیکن یہاں 300 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے والا معصوم بنا ہوا ہے، ایک مجرم پکڑا گیااور وہ کہتا ہے کہ واپسی پر میرا استقبال کرو، شکست (ن) لیگ کا مقدر بن چکی ہے، تحریک انصاف اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ کرے گی۔