بلدیاتی عہدیداران کو حاصل اختیارات کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ۔الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے بلدیاتی عہدیداران کی معطلی کے حکم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کے تحت بلدیاتی عہدیداران کو حاصل اختیارات کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں پر کسی بھی امیدوار یا جماعت کی انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی بدستور قائم ہے اور بلدیاتی نمائندوں پر انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی ضابطہ اخلاق کے پیرا 18 کے تحت لگائی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندہ کسی بھی طور پر سرکاری وسائل کسی بھی امیدوار یا جماعت کے حق میں یاخلاف استعمال نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزالیکشن کمیشن نے ملک بھر کے تمام بلدیاتی اداروں بشمول کنٹونمنٹ کے بلدیاتی سربراہان بھی 25 جولائی تک معطل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، یہ اقدام ملک میں شفاف انتخابات کی غرض سے کیا گیا ہے۔