زرداری نے منی لانڈرنگ کےتمام الزامات مسترد کردیے

اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری نے خود پر لگائے گئے منی لانڈرنگ کے تمام الزامات مسترد کردیئے۔
ایک انٹرویو میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ پہلے بھی ایسے کیسز کا سامنا کیا، اب بھی کروں گا۔ ڈیڑھ کروڑ کا نوٹس ملا ہے اور ڈھول 35 ارب کا بجایا جارہا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جو ہونے والا ہے اسے جمہوری طور پر روکنا ہے، الیکشن کے بائیکاٹ کے بارے میں غور نہیں کر رہے، بائیکاٹ کرکے کسی کو موقع نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کا موقع ہے، احتساب کا نہیں، احتساب الیکشن سے پہلے یا بعد میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرے وکیل ایف آئی اے میں پیش ہوں گے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جمعرات کو طلب کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کا نام سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جاچکا ہے جس کے بعد دونوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔