25 جولائی کو کامیاب ہوکر ترقی کا سفر دوربارہ شروع کرینگے۔ احسن اقبال

نارووال: سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کو کامیاب ہوکر ترقی کا سفر دوربارہ شروع کریں گے۔
نارووال میں انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) زمینی مخلوق پر یقین رکھتی ہے اور وہ ہمارے ساتھ ہے۔ ہم ملکی ترقی کے خلاف سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ 25 جولائی کو کامیاب ہوکر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ شہباز شریف منجھے ہوئے لیڈر ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان کو ایک گھنٹہ بھی حکومت کا تجربہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے پاکستان میں خون کا بازار گرم کیا۔ انہوں نے کرپشن کے مگرمچھوں کو ملا کر (ق) لیگ بنوائی۔ ان کے پاس اربوں کے اثاثے ہیں اور وہ دبئی میں مزے کر رہے ہیں لیکن انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔ بتایا جائے کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا کیا قصور ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن سے 2 ہفتے قبل نیب کی کارروائیاں قبل از الیکشن دھاندلی ہیں۔ موجودہ چیئرمین نیب کو پیپلز پارٹی نے نامزد کیا تھا۔