نوازشریف کو لاہور ایئرپورٹ سےہی گرفتارکرنے کا فیصلہ،پلان فائنل

نوازشریف کی ممکنہ گرفتاری کے لئے راولپنڈی پولیس نے ایئرپورٹ کاہنگامی دورہ کیا اوراے ایس ایف کےساتھ مل کرگرفتاری کے پلان کوحتمی شکل دیدی ہے۔ دوسری جانب نگراں حکومت نے نوازشریف اورمریم نوازکو لندن سے وطن واپسی پرلاہورایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے نوازشریف اورمریم نواز کی گرفتاری کے لئے مختلف آپشنزپرغورکیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کل لندن سے لاہورواپس آر ہے ہیں ۔

دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ نوازشریف اورمریم نوازکو ایئرپورٹ سے باہر نہیں نکلنے دیا جائے گا

نوازشریف اور مریم نواز کو ایئر پورٹ سے باہر نہیں نکلنے دیا جائے گا،وفاقی وزیر اطلاعات

نگران وزیراطلاعات علی ظفر نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ دونوں کو لاہورمیں پھرنے دیں۔ پنجاب حکومت اورانتظامیہ امن و امان کا مسئلہ پیدا نہیں ہونے دے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور مریم کے خلاف عدالتی فیصلہ آیا ہے تو انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ سزا یافتہ کو گرفتارکرنا فرض ہے ۔

وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ امن و امان کا مسئلہ پیدا نہیں ہونے دیں گے۔ نیب کو سہولت ملے گی کہ سب کچھ باعزت طریقے سے ہو۔

علی ظفر نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ مخصوص لوگوں کا احتساب ہو رہا ہے، نواز شریف اور مریم کو فیصلے کےخلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔

واضح رہے کہ نوازشریف اورمریم کل شام 8 بجے لاہورایئرپورٹ پر لینڈ کریں گے۔