فوج انتخابات نہیں کروارہی،جسےدھمکیاں مل رہی ہیں وہ بتائیں،الیکشن کمیشن

اسلام آباد:سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ فوج الیکشن نہیں کروارہی صرف امن و امان قائم رکھے گی جبکہ نتائج کی ترسیل سے بھی فوج یا سیکیورٹی اداروں کا کوئی تعلق نہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کو وہی اختیارات دیے گئے ہیں جو ہر مرتبہ دیے جاتے ہیں،سیاسی جماعتوں کی خواہش پر ہی الیکشن کے دوران فوج تعینات کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر کسی امیدوار کو دستبردار ہونے یا وفاداری تبدیل کرنے کیلئے دھمکایا جا رہا ہے تو الیکشن کمیشن کو بتائیں،الیکشن کمیشن امیدواروں کے تحفظ کے انتظامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
الیکشن مبصرین کو وسیع اختیارات حاصل ہوں گے،نتائج والے پرچے پر مبصرین بھی دستخط کر سکیں گے جبکہ پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لے جانے کی سخت ممانعت ہو گی ۔
انتخابی انتظامات سے متعلق بابر یعقوب نے بتایا کہ 18ہزار پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، کیمرے ایسی جگہ لگائے جائیں گے جہاں ووٹر کی سیکریسی متاثر نہ ہو۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے ہر ادارے کی مدد لی جائے گی، 20 جولائی تک بیلیٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لیں گے۔