اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان الیکٹرونک اینڈ ریگولیرٹی اتھارٹی (پیمرا) کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے چینلز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے چلنے والے اشتہارات کے معاملے پر چیئرمین پیمرا اوردیگر حکام نے چیف الیکشن کمشنرسردارمحمد رضا اورممبران کو بریفنگ دی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو حکم دیا کہ ٹی وی چینلز پرتشہیری مہم میں مخالف سیاسی جماعتوں کے لئے نازیبا زبان استعمال کی جارہی ہے ، جن چینلز پر سیاسی جماعتوں کے ایسے اشتہار چل رہے ہیں انہیں شوکازنوٹس دیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے پیمرا کو چینلز کے خلاف عام انتخابات کے موقع پر جاری کردہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پیمرا رولز کے مطابق کارروائی کا حکم دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے پیمرا کو تمام سیاسی جماعتوں کے اشتہارات کا مکمل تخمینہ لگانے اوراشتہارات کا ریکارڈ کمیشن کو مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکم پر پیمرا نے چینلز کو وارننگ جاری کردی ہے اور کہا ہے کہ چینلز کوڈ آف کنڈکٹ کی پاسداری کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے الیکشن کمیشن سے مخالف سیاسی جماعت کے نازیبا اشتہار پر کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔