اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ہندو برادری سے شکایتیں ملی ہیں کہ سندھ میں مسلمان لڑکوں سے ان کی عورتوں کی زبردستی شادیاں کروائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں ہندو لڑکیوں کی مسلمانوں کے ساتھ زبردستی شادیاں روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک کنونشن میں اقلیتی گروپ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق پارٹی ایجنڈا بھی پیش کیا اور کہا ’یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے غریب طبقات کو بنیادی حقوق فراہم کرے۔
انہوں کہا کہ حضرت محمدﷺ نے مدینے کی فلاحی ریاست میں اقلیتوں کو ان کے حقوق دیے تھے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہناتھاکہ سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں ہر ماہ زبردستی کی پچیس شادیاں کرائی جا رہی ہیں، اقلیتی برادریاں زیادہ تر پس ماندہ علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، طاقت ور کے پنجے سے ان کی آزادی کا واحد راستہ ان کی ترقی ہی ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کرپشن پر گرفتار ہورہے ہیں، انہیں ہیرو نہیں بننے دیں گے۔
عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا بنی گالہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی پر لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں عمران خان نے کارکنان کو نوازشریف کی آمد پر تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنما کارکنان کو کسی قسم کے جھگڑےکا حصہ نہ بننے دیں۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کرپشن پر گرفتار ہورہے ہیں، انہیں ہیرو نہیں بننے دیں گے کیونکہ پارٹی نے 22 سال کرپشن کے خلاف جدوجہد کی ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد کل وطن واپس آرہے ہیں جہاں نیب کی جانب سے ان کی گرفتاری کی تیاریاں پوری کررکھی ہیں۔