بنوں میں اکرم درانی کے قافلےپربم حملہ، 4 افراد جاں بحق ،39زخمی

بنوں: جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب بم دھماکے نتیجے میں4 افراد جاں بحق اور39 زخمی ہوگئے تاہم اکرم درانی اس حملے میں محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق بنوں میں سابق وزیراعلیٰ اکرم درانی کے قافلے پر بم حملہ ہوا ہے ،واقعے میں پولیس اہلکاروں سمیت 39 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال بنوں منتقل کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر ے میں لے لیاہے ۔
پولیس کے مطابق اکرم خان درانی بنوں کے قریبی علاقے اویز میں جلسہ میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ اسی دوران دھماکا ہوگیا، دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں جب کہ دھماکا خودکش تھا یا بارودی مواد نصب کیا گیا تھا اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
اکرم خان درانی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)کے ٹکٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پشاور میں خود کش حملے میں اے این پی رہنما ہارون بلور شہد ہو گئے تھے جبکہ مجموعی طور پر22 افراد شہید ہوئے تھے ۔