لاہور: پنجاب پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کےموقع پر لاہور میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر کے بیشتر مقامات کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے (ن) لیگ کے کارکنان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق آئی جی پنجاب کلیم امام کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے 7 رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات جاری کئے ہیں اور ایک کو گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق خواجہ سعد رفیق، میاں مرغوب، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، ملک سیف الملوک اور وحید عالم خان کی 30 روز کے لئے نظر بندی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی وجہ سے شہر میں نقص امن اور توڑ پھوڑ کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ کے رہنما حاجی رانا بختیار کو گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے اور ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔