الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سےاثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں سے 18-2017 کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے گوشواروں میں فنڈز کے ذرائع بتانے کی پابند ہیں اور انہیں اپنے اثاثے اور واجبات بتانا ہوں گے کوئی سیاسی جماعت الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ممنوعہ ذرائع سے فنڈز نہیں لے سکتی، سیاسی جماعتیں سالانہ آمدن اور اخراجات کی تفصیلات گوشواروں میں جمع کروائیں، ڈاک، فیکس یا کورئیر کے ذریعے بھیجے گئے گوشوارے قابل قبول نہیں ہوں گے جب کہ گوشواروں پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور سیاسی جماعت کے سربراہ کے دستخط ضروری ہیں۔ سیاسی جماعتیں فارم ڈی الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر اور چاروں صوبائی دفاتر سے لے سکتی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیکشن 210 کے تحت سیاسی جماعتیں سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع کروانے کی پابند ہیں لہذٰا رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں 29 اگست تک الیکشن کمیشن میں گوشواروں کی تفصیلات جمع کروائیں۔