بھارت میں ریسکیو مشق نے طالبہ کی جان لے لی

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کوئم بتور کے کووائی کالیامگل کالج آف آرٹس میں حادثات اورناگہانی آفت سے نمٹنے والے وفاقی ادارے نیشنل ڈیزارسٹر منیجمنٹ ایجنسی کے اہلکار طلبا کو حادثات سے بچاؤ کی تربیت دینے آئے تھے تاہم تربیت دینے والے اہلکار کی غفلت سے یہ مشق ایک طالبہ کی موت کا سبب بن گئی۔

عینی شاہد طلبا کا کہنا ہے کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے اہلکاروں نے اونچائی سے کودنے کی مشق کے دوران  بی بی اے کی طالبہ لوگسوری کو دوسری منزل سے چھلانگ لگانے کے لئے کہا جبکہ نیچے دیگر اہلکار اسے تھامنے کے لئے حفاظتی اقدام کے ساتھ موجود تھے تاہم طالبہ نے ہچکچاہٹ کا اظہارکیا جس پر اہلکار نے خوف ختم کرنے کے لیے اسے دھکا دے دیا۔

بدقسمتی سے لوگسوری کا سر پہلی منزل کی باہرنکلی ہوئی دیوار سے ٹکرا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی،

طالبہ کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ اسپتال میں چل بسی۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالبہ کی موت سر پر شدید ضرب لگنے اورخون بہنے کے باعث ہوئی۔ پولیس نے اہلکار کو حراست میں لے لیا ہے۔