اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کا طیارہ پاکستانی فضائیہ حدود میں داخل ہوگیاہے ،اطلاعات کے مطابق نواز شریف اور مریم نوازکاطیارے کی پرواز ای وائی 243 سے رات 8 بج کر 50 منٹ پرلاہور پہنچنے کا امکان ہے ۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف اورانکی صاحبزادی مریم نوازکو ابوظہبی سے لاہورلے کرآنےوالی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق رات گئے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی ابوظہبی پہنچے۔
نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 423 کے ذریعے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز لندن سے براستہ ابوظہبی لاہور کے لیے روانہ ہوئے، ابوظہبی میں مختصر قیام کے بعدنجی پرواز کے ذریعے لاہور روانہ ہوں گے اورابوظہبی سے روانہ ہونے کے بعد دونوں کو شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچنا تھا تاہم پرواز ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوچکی ہے جس کے باعث نوازشریف اور مریم نواز پونے 8 بجے کے قریب لاہور پہنچیں گے۔
دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لیے 16 رکنی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے۔
نیب حکام کے مطابق دو ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ اور دو ٹیمیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات کردی گئی ہیں جبکہ دو ہیلی کاپٹرز بھی لاہور ایئرپورٹ پہنچا دیئے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد اسلام آباد لایا جائے گا جہاں سے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔