راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کو جیل میں بی کلاس دے دی گئی جبکہ مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل نہیں کیا جارہا، انہیں اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائے گا اورخواتین بیرکس میں منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب مریم نواز نے جیل میں بہترسہولیات لینے سے انکار کردیا ہے اورکہا ہے کہ وہ جیل میں عام قیدیوں کی طرح رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کااڈیالہ جیل میں میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا جس میں میڈیکل ٹیموں نے دونوں کو صحت مند قراردیا۔
ذرائع کےمطابق نواز شریف اورمریم نواز کو جیل میں رکھنے سے متعلق پلان میں تین مرتبہ تبدیلی کی گئی جس کے بعد نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس منتقل کردیا گیا۔
جیل مینول کے مطابق بی کلاس میں ٹیلی ویژن، اخباراوربیڈ کی سہولت دی جاتی ہے جبکہ اٹیچ باتھ روم ، پنکھا اورایک مشقتی بھی دیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل میں ہی رکھا گیا تھا اورانہیں سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انہیں خواتین کے سیل میں منتقل کیا گیا ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق جیل میں بہتر کلاس کے لئے عدالت کی اجازت درکارہوگی۔ مریم کو بہتر کلاس کا استحقاق نہیں ۔ وہ کبھی سرکاری عہدے پر نہیں رہیں۔ انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ وہ6 لاکھ سالانہ ٹیکس ادا کرتی ہیں۔
دوسری جانب مریم نواز نے ایک خط لکھا ہے جسے ان کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔
اس خط میں مریم نواز نے کہا ہے کہ انھیں جیل سپرنٹنڈنٹ نے جیل میں بہترسہولیات لینے کے لئے درخواست دینے کا کہا جس پر انھوں نے بی کلاس لینے سے انکار کردیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں عام قیدیوں کی طرح رہیں گی، انھیں عام قیدیوں والا کھانا دیا جائے، وہ گھر سے کھانا نہیں منگوائیں گی اور نہ ہی انہیں گھر کا کھانا فراہم کیا جائے۔
خط میں مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ انھیں قیدی بنایا گیا ہے کہ تو جیل میں ایک قیدی کی طرح زندگی گزاریں گی، یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے جو کسی دباؤ کے تحت نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب نوازشریف اور مریم نواز کا لاہور سے لایا گیا ذاتی سامان بھی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
سابق وزیراعظم کا ذاتی اسٹاف سامان لے کر اڈیالہ جیل پہنچا جس میں کپڑے، شیونگ کا سامان ،نوازشریف کی ادویات اور دیگرچیزیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد میاں نوازشریف کے خلاف ٹرائل جیل میں ہی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔