ناصر الملک کی کوئٹہ آمد، سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت

کوئٹہ: نگراں وزیراعظم ناصرالملک سانحہ مستونگ پر تعزیت کے لئے کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے سانحہ مستونگ میں شہید سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی عیادت کی۔
نگراں وزیراعظم ناصرالملک نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ مستونگ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ناصرالملک سانحہ مستونگ میں شہید سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور سراج رئیسانی و دیگر شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
دورے کے دوران ناصرالملک گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات بھی کی۔ جس میں امن و امان سے متعلق بات چیت کی گئی۔ نگراں وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر سراوان ہاؤس اور دیگر اہم علاقوں کی سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔