کراچی: پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری امیوزمنٹ پارک میں گزشتہ رات کو جھولا گر جانے کے باعث 8 سالہ بچی جاں کی بازی ہار گئی جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ جس نے انتظامی خامیوں کی قلعی کھول دی۔ دوسری جانب شوبز اور سیاست سے وابستہ شخصیات کی جانب سے بھی اس واقعہ پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
گلوکار فخرعالم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اس پارک میں ہونے والا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، ایک 8 سالہ بچی اپنی جان سے گئی، صرف اس وجہ سے کہ مالکان کے پاس جھولے پرانے تھے، جنہیں کسی اور ملک میں چلانے کی اجازت بھی نہیں دی جاسکتی۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما ناز بلوچ نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں اس واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لئے سخت انتظامات کی اشد ضرورت ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے علی رضا عابدی نے بھی واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لئےدعا کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ فراہم کیا جانا چاہیے۔
علی رضا عابدی کا مزید کہنا تھا کہ پارک کو دوبارہ کھولنے سے قبل دیگر جھولوں کی بھی ماہرین کی ٹیم سے آڈٹ اور کلیئرنس کروانی چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جناح اسپتال میں عیادت کی۔