اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران فرائض سے غفلت برتنے پر انتخابی عملے کے جرائم اور سزا کا تعین کرلیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عملے کی جانب سے کاغذات میں کوئی رد و بدل اور جان بوجھ کر بیلٹ پیپر پر سرکاری مہر کو خراب کرنے سمیت بیلٹ باکس کی سیل توڑنا بھی جرم ہوگا۔ اس قسم کے جرائم میں ملوث انتخابی عملے کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکیں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کو مجبور کرنا، ووٹ اور انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونا بھی غیرقانونی ہوگا اور اس جرم کی سزا 2 سال قید، ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی جبکہ انتخابی عملے کو ووٹر کی رازداری افشا کرنا، بیلٹ پیپر پر لگائی مہر کے بارے میں کسی کو اطلاع دینا، ووٹوں کی گنتی کے وقت امیدوار یا ان کے حق میں ووٹ ڈالے جانے کی اطلاع دینے پر 6 ماہ قید یا ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔