والہانہ استقبال نہ ہونے پر نواز نے شہباز سے ذہنی علیحدگی اختیار کرلی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جمعہ کے روز وطن واپسی کے موقع پر لاہور میں والہانہ استقبال نہ ہونے پر نواز شریف نے شہباز شریف اور ان کی ٹیم سے ذہنی علیحدگی اختیار کرلی۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اپنی پارٹی کے بااعتماد ساتھیوں خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، احسن اقبال کے حالیہ کردار پر سوالیہ نشان لگایا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کو امید تھی کہ وطن واپسی کے موقع پر ان کا استقبال کرنے کے لئے وہ لاہور ایئرپورٹ ضرور پہنچیں گے تاہم جب یہ ایئر پورٹ پہنچے تو وہاں پر کوئی مسلم لیگ (ن) کا رہنما نہ پہنچ سکا اور نہ ہی پاور شو دکھانے کے لئے اپنی قیادت کو قائل کرسکا۔
نواز شریف نے مریم نواز کے داماد راحیل منیر، چوہدری تنویر، خرم دستگیر، مشاہد اللہ و دیگر لوگوں ٹاسک دیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹس سے متعلق بمعہ پروف آگاہ کریں۔