راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری نے جنرل ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سلامتی کی صورتحال سمیت دفاعی تعاون اور پاک ایران سرحدی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک ایران فوجی تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک ایران فوجی تعاون خطے میں امن و امان اور سیکورٹی صورتحال پر مثبت اثر ڈالے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے پاک ایران بہتر تعلقات کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی۔