سپریم کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10 کی فراہمی کے لئے دائر درخواست کی اپنے چیمبر میں سماعت کی۔ عدالت نے غیر ملکی کمپنی ’براڈشیٹ، ایل ایل سی‘ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے منظورکرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواست 20 جولائی کے بعد سماعت کے لئے مقرر کی جائے۔
غیرملکی کمپنی نے جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10 کی فراہمی کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ ’براڈشیٹ، ایل ایل سی‘نے بیرون ملک نیب کے خلاف واجبات کی ادائیگی کے لیے قانونی چارہ جوئی کر رکھی ہے۔ کمپنی نے اس سلسلے میں پاکستان میں جے آئی ٹی کا والیم 10 فراہم کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔
غیر ملکی کمپنی کا موقف ہے کہ اس نے نیب کو شریف خاندان کے غیرملکی اثاثوں کی معلومات کے حوالے سے خدمات فراہم کیں لیکن نیب نے اس کی خدمات کے لاکھوں ڈالرادا نہیں کئے۔ نیب کی جانب سے واجبات ادا نہ کرنے پر کمپنی نے بیرون ملک عدالت سے رجوع کرلیا۔