کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستارکی پریس کانفرنس بدنظمی کا شکارہوگئی ۔ پریس کانفرنس کے دوران ایم کیوایم کی خواتین آپس میں لڑپڑیں اورشدید ہنگامہ آرائی کی ۔
ڈاکٹرفاروق ستارکی پریس کانفرنس میں ہنگامہ آرائی سرکاری کوارٹر خالی کرانے کے معاملے پرہوئی۔
متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ گھرخالی نہیں کروں گی،بچوں سمیت جان دے دوں گی، مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ایم کیوایم نے کبھی ہمارا مسئلہ حل نہیں کیا ۔ جس پر ایم کیو ایم خواتین کا کہنا تھا کہ آپ کا معاملہ الیکشن کے بعد دیکھیں گے، جس کی وجہ سے گرما گرمی ہوگئی اورخواتین آپس میں لڑ پڑیں۔
ایم کیوایم کی خواتین نے متاثرہ خواتین کو روکا دھکے مارے اور پریس کانفرنس سے باہرنکال دیا۔ اس دوران ایم کیوایم کی خواتین کی جانب سے کیمرے بند کرانے کی کوشش بھی کی گئی ۔
اس موقع پرایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستارکا کہنا تھا کہ مختلف حکومتوں نے ملازمین کے لئے کچھ نہیں کیا لیکن ہم لوگوں کو بے دخل نہیں ہونے دیں گے، یہ ایم کیو ایم کے کارکن نہیں مخالفین کی چالیں ہیں ، ہم ان کی تقریبات کو خراب نہیں کرتے لیکن ہمارے مخالفین ہماری تقاریب خراب کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ بے فکر ہوجائیں ہم عدالت میں یہ کیس لے کر جائیں گے اورلڑیں گے اس مسئلے کے حل کے لئے ہم جلد اچھا وکیل کریں گے۔