افغان صدراشرف غنی کی نگراں وزیراعظم اورآرمی چیف سےٹیلیفونگ گفتگو

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) نا صرالملک نے کہا ہے کہ بزدلانہ حملے ملک کو جمہوریت کی پٹری سے اتارنے کی کوشش ہے لیکن ایسے فعل نگراں حکومت کا عزم کمزور نہیں کرسکتے۔

ان خیالات کا اظہارنگراں وزیراعظم نے افغان صدراشرف غنی سے ٹیلیفون پرگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

افغان صدر نے نگران وزیراعظم کو سانحہ پشاوراورسانحہ مستونگ میں دہشت گردی کے واقعات پر اظہارافسوس کیلئے ٹیلیفون کیا تھا ۔

افغان صدر نے خود کش حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہارکیا جبکہ جسٹس (ر) نا صرالملک نے کہا کہ دہشتگردوں کے حملے ملک کو جمہوریت کی پٹڑی سے اتارنے کی کوشش ہیں لیکن ایسے افعال سے نگران حکومت کا عزم کمزور نہیں کیا جا سکتا اور نگران حکومت وقت پرالیکشن کرانے کے عزم پرکاربند ہے۔

اس موقع پردونوں رہنماﺅں نے خطے میں امن کے دشمنوں سے مل کرشکست دینے پراتفاق کیا۔

اس سے پہلے افغان صدراشرف غنی نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو ٹیلی فون کرکے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں جانی نقصان پراظہارتعزیت کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق افغان صدرنے یقین دہانی کرائی کہ پاک افغان سرحد پرسیکیورٹی مزید بہتربنائیں گےاورالیکشن کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسزسے تعاون کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدرکے جذبات پران کاشکریہ ادا کیا۔