دھاندلی روکنے کیلئے ن لیگ کا اینٹی رگنگ سسٹم متعارف کرنے کا اعلان

لاہور:عام انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن نے اینٹی رگنگ سسٹم (اے آر ایس) متعارف کرانے کا اعلان کیا ہےجس کےذریعے انتخابات میں دھاندلی اوردوسری غیرقانوی سرگرمیوں کومنظرعام پر لایا جائے گا۔
اے آر ا یس کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نےکہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی قومی سیاسی جماعت نے باقاعدہ انتخابی دھاندلی سے نمٹنے کے لیے ایک نظام متعارف کروایا ہےجس کے تحت دھاندلی کی تمام شکایات 4 مختلف طریقوں سے ارسال کی جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دھاندلی سے متعلق شکایات کیمرے کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے ثبوت بھیجے جائیں گے جوقومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار، لائرز فورم، مسلم لیگ ن کے مرکزی میڈیا کمیٹی کے تحت سوشل میڈیا ٹیم اور الیکشن آبزرور، فافین، یورپین یونین اور دولت مشترکہ کی شمولیت سے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام افراد اور سرکاری اہلکار جو اپنے حلف نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابی دھاندلی میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے اور ان کی غیرقانونی سرگرمیوں کو منظرعام پر لایا جائے گا۔
رہنما ن لیگ کا کہناتھاکہ 19 جولائی کو ہم چیف پولنگ ایجنٹس اور سوشل میڈیا ٹیم کا اجلاس بلا رہے ہیں جس میں ہم دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی دعوت دیتے ہیں کیونکہ گزشتہ 30 سال میں یہ بہت اہم انتخابات ہونے جارہا ہیں۔
مشاہد حسین نے کہا کہ نواز شریف کا جیل میں ٹرائل کی مذمت کرتے ہیں وہ کوئی دہشت گرد نہیں ہیں، ان کا کھلی عدالت میں مقدمہ چلنا چاہیے۔
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں اور کارکنوں کے خلاف قائم کیے گئے مقدمات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے کارکنوں کی گرفتاری پر بات کی۔