نوازشریف کی آمدسے2روزقبل ہی ریلی کےروٹ کا فیصلہ کیا گیا تھا،خواجہ آصف

سیالکوٹ : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاکہ نواز شریف کے استقبال کیلئے نکالی گئی ریلی پروگرام کے مطابق ہی تھی جہاں تک پروگرام تھا وہیں پر جا کر ہی ریلی رکی اور یہ فیصلہ نواز شریف کے آنے سے 2 روز قبل ہی کیا گیا تھا جوصرف شہباز شریف نے نہیں بلکہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے مل کر کیا تھا ۔
انہوں نے کہاکہ جس قسم کی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تھیں اس کو مدے نظر رکھتے ہوئے ہی یہ فیصلہ کیا گیا تھاکیوں کہ پورے لاہورکو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا تھا جبکہ پچاس سے زائد تو کنٹینر لاہور کے اندر رکھے گئے تھے۔
لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہناتھاکہ میری نواز شریف کے ساتھ بات ہوئی تھی تو اس وقت ان کی ہمت بڑی جوان تھی جبکہ نواز شریف کے واپس آنے سے ہمیں بہت زیادہ فائدہ ہواہے،انکی واپسی کے بعد کارکنوں کا جوش بڑھاہے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے واپس آکر ایک مثال قائم کی ہے کہ انہیں قید ہوئی ہے اور انکی بیٹی کو بھی قید کی سزا سنائی گئی ہے اس کے باوجود سزا کا سامنا کرنے پاکستان واپس آئے ہیں،پاکستان واپس آکر انہوں نے جو قانون اور آئین کا احترام کیا ہے اس طرح کی ہماری تاریخ میں کوئی مثال نہیں ہے۔