آپ کے خیال میں اگر کوئی اسمارٹ فون طیارے میں پرواز کے دوران نیچے زمین پر گرجائے تو اس کے بچنے کا امکان ہوگا؟
کم از کم ایپل کے آئی فون کے بارے میں ایسا ضرور سوچا جاسکتا ہے جو کہ ایک ہزار فٹ کی بلندی سے گر کر بھی محفوظ رہا۔
جی ہاں یہ واقعہ امریکی ریاست آئیووا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون سرویندر نیبرہوس ایک پرانے طیارے (2 نشست کا طیارہ جس میں کھڑکیاں نہیں ہوتیں) کے ذریعے تفریحی پرواز سے لطف اندوز ہورہی تھیں۔
وہ اپنی نشست سے نیچے کے مناظر کی تصاویر لے رہی تھیں جب تیز ہوا چلنے سے فون ہاتھ سے نکل کر نیچے چلا گیا۔
خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا ہوا فون کے اپنے ساتھ نیچے لے گئی، میں نے نیچے دیکھا تو مجھے مکئی کے کھیت نظر آئے، اس موقع پر پائلٹ نے مجھے بتایا کہ ہم ایک ہزار فٹ کی بلندی پر ہے اور اب فون کا درست حالت میں ملنا ناممکن ہے۔
مگر لینڈنگ کے بعد سرویندر نے فائنڈ مائی آئی فون ایپ کے ذریعے اپنی ڈیوائس کی لوکیشن جاننے کی کوشش کی، تو انہیں کامیابی ملی۔
انہوں نے اپنے ایک دوست کے ساتھ آئی فون کو ایک رہائشی علاقے میں گھاس کے ڈھیر پر دریافت کرلیا۔
اس فون پر ایک خراش تک نہیں آئی تھی اور وہ درست کام کررہا تھا۔