عسکری پارک میں جھولا گرنے کا واقعہ، تحقیقات کیلئے چینی ماہرین طلب

کراچی: مین یونیورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری پارک میں جھولا گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے چینی ماہرین کو طلب کرلیا گیا۔ ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہناہے کہ جھولا بولٹ کی جگہ سے شافٹ ٹوٹنے کی وجہ سے گرا، دوسری جانب پارک کے ٹھیکے دار نے کمشنر ہاؤس میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے واقعے کو سازش قرار دیا ہے۔
15 جولائی کو پرانی سبزی منڈی پر واقع عسکری پارک میں جھولا گرنے کے باعث 14 سالہ بچی کشف جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔
پی آئی بی پولیس نے عسکری امیوزمنٹ پارک میں جھولا گرنے کا مقدمہ نمبر 123/18 بجرم دفعات 319 اور 337-H-i/34 کے تحت پارک کی انتظامیہ کے خلاف سب انسپکٹر اسلم جمال کی مدعیت میں درج کرلیا۔ تاہم مقدمہ میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا ہے۔
درج کئے جانے والے مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ کی غیر معیاری جھولے کی تعمیر ، جھولے کی نامناسب دیکھ بھال اور انتظامیہ کی غفلت و لاپروائی کی وجہ سے جھولا ٹوٹ کر گرنے سے 14 سالہ کشف جاں بحق جبکہ دیگر افراد جن میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں زخمی ہوگئے تھے۔ پی آئی بی پولیس نے مقدمے درج کر کے مزید تحقیقات کے لئے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس ضمن میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔