اسلام آباد: سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما سائرہ افضل تارڑ کو انتخابات لڑنے کے لئے اہل قرار دے دیا جبکہ لاہورہائیکورٹ نے انتخابی پوسٹرپرآرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر لگانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے امیدوارناصرچیمہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔
سپریم کورٹ میں سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ کے خلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔
درخواست گزار شوکت علی بھٹی کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ سائرہ افضل نے کاغذات نامزدگی میں دو بینک اکاؤنٹس ظاہر نہیں کئے۔
جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ اگر اکاؤنٹس میں بڑی رقم پڑی ہے تو پھر آپ کا کام ہوجائے گا۔
وکیل نے جواب دیا کہ میرے پاس سائرہ افضل تارڑکے بینک اکاؤنٹس کی تفصیل نہیں ہے۔ جبکہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اپنی اراضی زیادہ بتائی ہے۔
جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے کہ اگر سائرہ افضل اپنی اراضی کم بتاتی تو مسئلہ ہوتا لیکن انہوں نے اراضی زیادہ بتائی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں۔ عدالت نے این اے87 سے مسلم لیگ(ن) کی امیدوار سائرہ افضل تارڑ کو الیکشن لڑنے کے لئے اہل قرار دے دیا۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
فواد چوہدری کے مد مقابل امیدوار سید گوہر حیدر نے درخواست دائر کی تھی جس پر سماعت مکمل ہوجانے کے بعد خارج کرتے ہوئے فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کے لئے اہل قرار دے دیا۔
جسٹس عظمت سعید نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے کاغذات نامزدگی کے وقت اعتراض دائر نہیں کیا نئی درخواست کے بجائے اپیل مسترد ہونے کے فیصلے کو چیلنج کرنا چاہیے تھا۔
دوسری جانب لاہورہائیکورٹ نے انتخابی پوسٹرپرآرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر لگانے کے کیس میں نااہل قراردیئے گئے پی پی 53 گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے امیدوارناصرچیمہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا ہے۔