اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تقرری قانون کے مطابق قرار دے دی۔
پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے 22 سیینٹرز نے گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کی تھی جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ سنایا۔
طارق باجوہ کو 7 جولائی 2017 کو 3 برس کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا نیا گورنر تعینات کیا گیا تھا تاہم 16 اگست 2017 کو پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر تاج حیدر، فرحت اللہ بابر، سسی پلیجو، فاروق ایچ نائیک اور دیگر نے اس تقرری کو چیلنج کیا۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی میں مسابقتی عمل اختیار نہیں کیا گیا اس لئےانہیں عہدے سے فارغ کیا جائے۔
عدالت نے درخواست گزاروں کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تقرری کو عین قانون کے مطابق قرار دیا۔