علی پور چٹھہ: صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی جبکہ دوسری طرف لوگ سر تاپاؤں کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں،نواز شریف کے خلاف کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی اس کے باوجود ن لیگ کے رہ نماؤں اورامیدواروں کوپیشیاں بھگتنی پڑرہی ہیں،انہوں نے کہا کہ ان بھائی جانتے تھے کہ انہیں جیل میں ڈالا جائے گا مگر وہ پھر بھی واپس آئے۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف کے ساتھ محبت کرنا اگر دہشت گردی ہے تو ہم سو بار کریں گے۔علی پور چٹھہ میں جلسے سے خطاب کرتےہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ الزام خان نے خیبرپختونخوا کا بیڑہ غرق کردیا، عمران خان ڈینگی سے ڈر کر نتھیا گلی پہنچ گئے تھے، آپ کو جھوٹ اور الزام کا پاکستان چاہیے یا ترقی اور خوشحالی والا؟۔شہباز شریف نے مزید کہاکہ 13 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، بیٹی کے سامنے باپ کو گرفتار کیا جائے تو بیٹی پر کیا بیتتی ہے،انہوں نے کہاکہ تمام سازشوں کے باوجود 25 جولائی کو الیکشن جیتیں گے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں ڈالر 100 روپے کا تھا اور آج 128 پر پہنچ گیا، عمران خان کو خدانخواستہ منتخب کیا گیا تو ملک پیچھے چلا جائے گا۔