مہمند ایجنسی ۔جماعت اسلامی کے انتخابی جلسےکا اسٹیج گرگیا، سراج الحق محفوظ

پشاور: قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں جماعت اسلامی کے انتخابی جلسے کے دوران اسٹیج گرگیا ،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق حادثے میں محفوظ رہے ۔
ذرائع کے مطابق جلسے کیلئے اسٹیج لکڑیوں کے ٹیبل سے بنایا گیا تھا، اسٹیج گنجائش سے زائد افراد کی موجودگی کے باعث وزن برداشت نہ کرسکا اور ٹوٹ گیا جس سے اسٹیج پرموجود تمام افراد گر گئے۔تاہم چند لمحوں کے بعد لوگ دوبارہ کھڑے ہوگئے ۔
اسٹیج پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان، مجلس عمل کے علاقائی قائدین و عہدیداران موجود تھے۔خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور تمام قائدین و عہدیدران محفوظ رہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=xq9wTfl1U9c

حادثے کے بعد اعلان کیا گیا کہ جلسہ منسوخ نہیں کیا جائے گا اور تمام افراد پنڈال میں موجود رہیں، اسٹیج کے ٹوٹے پھوٹے سامان کو ایک طرف کرکے متاثرہ مقام کو خالی کرلیا گیا ہے اور سراج الحق سمیت دیگر قائدین شرکاء سے خطاب کریں گے۔