اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن سے ریٹرنگ افسران کے پاس انتخابی سامان پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔ انتخابی سامان میں بیلٹ پیپرزاور بیلٹ بکس کے علاوہ دیگرتمام سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔ انتخابی سامان میں انتخابی فہرستیں پولنگ کے دن استعمال ہونے والے تھیلے ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے انمٹ سیاہی اوراسٹیشنری شامل ہے۔
انتخابی سامان کو ریٹرنگ افسران کا عملہ الگ الگ فی پولنگ اسٹیشن پیک کرے گا اورپریذائیڈنگ افسران کو دے گا، یہ انتخابی سامان 24 جولائی کو پریذایڈنگ افسران کو دیا جائے گا۔
دوسری جانب عام انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے، لاہور کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں لاہور منتقل کئے جائیں گے، اس سلسلے میں سینئرسول جج دلدارشاہ کی سربراہی میں ٹیم اسلام آباد گئی تھی جہاں 3 رکنی ٹیم بیلٹ پیپرز پریس فاؤنڈیشن سے وصول کرے گی۔ ٹیم کے ساتھ پاک فوج کے جوان اورایلیٹ فورس کے جوان بھی ہوں گے۔