نوابشاہ سے زرداری کوہرانے کیلئے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ایک ہوگئے

اندرون سندھ میں نوابشاہ سے پیپلز پارٹی کو انتخابات میں کامیابی ملتی رہی ہے لیکن اس بارقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 نوابشاہ پر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو شکست دینے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ایک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کو نواب شاہ میں ٹف ٹائم دینے کے لیے این اے 213 سے پی پی کے امیدوار آصف زرداری کے مدمقابل سے ایم کیو ایم کے عبدالرؤف صدیقی جی ڈی اے کے نامزد امیدوار سردار شیر محمد رند کے حق میں دستبردار ہوگئے۔اب قومی اسمبلی کی اس نشست پر سردار شیر محمد رند جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے ۔
دوسری جانب نواب شاہ کی صوبائی نشست پی ایس 38 پر جی ڈی اے ایم کیو ایم کی حمایت کرے گی اور ایم کیو ایم کے امیدوار نعیم اختر جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
خیال رہے کہ ایم کیوایم کے رہنما رؤف صدیقی این اے 244 کراچی سے الیکشن لڑیں گے۔